بسم اللہ الرحمٰن الرحیم ۔

 

سلسله(18) دوا علاج سے متعلق نئے مسائل

 

مفتی ولی اللہ مجید قاسمی ۔

انوار العلوم فتح پور تال نرجا ضلع مئو.

wmqasmi@gmail.com-mob.n.9451924242

 

18-الکوحل کا استعمال:

الکوحل (Alcohol) ایک کیمیائی مرکب ہے جو کاربن، ہائیڈروجن اور آکسیجن پر مشتمل ہوتا ہے۔ سائنس میں الکوحل اُن مرکبات کو کہتے ہیں جن کے مالیکیول میں –OH (ہائڈروکسل گروپ) شامل ہو۔

الکوحل کی تین قسمیں ہیں:

1. ایتھائل الکوحل (Ethanol)

مشروبات میں نشہ اسی مادے کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے ،نشہ پیدا کرنے اور بعض دواؤں کو اور کھانے کی چیزوں کو محفوظ رکھنے کے لئے اس کا استعمال ہوتا ہے ۔

2. میتھائل الکوحل (Methanol)

  یہ نشہ آور لیکن زہریلا ہوتا ہے۔ اسے پینے کی وجہ سے بینائی زائل ہوسکتی ہے اور بسا اوقات موت واقع ہوجاتی ہے۔ غیر قانونی شراب اور صنعتی کاموں میں اس کا استعمال ہوتا ہے ہوتا ہے،

  3. آئیسوپروپل الکوحل (Isopropyl Alcohol)۔

پینے کے لائق نہیں اور نشہ آور بھی نہیں، جراثیم کش کے طور پر استعمال ہوتا ہے ۔

   یہ عربی لفظ "الغول” سے ماخوذ ہے چنانچہ اس مادے کو مسلم اطباء نے اسی نام سے ذکر کیا ہے اور امام ابوبکر رازی (وفات 316ھ)نے سب سے پہلے اس مادے کو دریافت کیا ۔

  الغول کا معنی کسی کو بے خبری میں قتل کردینا ،دھوکہ سے ہلاک کر دینا اور مدہوش کردینا ہے چنانچہ قران حکیم میں جنت کی شراب کی خصوصیت یہ بیان کی گئی ہے:

  لَا فِیۡہَا غَوۡلٌ وَّ لَا ہُمۡ عَنۡہَا یُنۡزَفُوۡنَ ۔

  نہ اس سے سر میں خمار ہوگا اور نہ ان کی عقل بہکے گی۔ (سورہ الصّٰفّٰت : 47)

امام ابن جریر طبری اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں:

   یعنی اس شراب کے پینے کی وجہ سے ان کی عقل زائل نہیں ہوگی،کیونکہ دنیاوی شراب عقل پر پردہ ڈال دیتی ہے اللہ تبارک و تعالی نے آخرت کی شراب کو اس آفت سے پاک رکھا ہے۔(جامع البیان 37/21)

    امام مالک ،شافعی اور احمد بن حنبل کے نزدیک تمام نشہ آور سیال چیزیں کسی تفصیل کے بغیر حرام اور ناپاک ہیں اور امام ابوحنیفہ اور امام ابویوسف انگور ،کشمش اور کھجور کی شراب کے سلسلے میں اسی کے قائل ہیں لیکن اس کے علاوہ دیگر چیزوں کی شراب کو پاک سمجھتے ہیں اور اسے اسی وقت حرام قرار دیتے ہیں جب کہ اس سے نشہ پیدا ہوجائے لہذا بطور دوا قلیل مقدار میں کجھور یا انگور کے علاوہ سے کشید کردہ الکوحل پینے میں ان کے یہاں کوئی حرج نہیں ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے