سلسه(4)
بسم الله الرحمن الرحيم.

حج سے متعلق نئےمسائل۔

مفتی ولی اللہ مجید قاسمی۔
موبائل: 9451924242

4-محرم کے بغیر ہوائی جہاز کا سفر

تیز رفتارسواریوں کی سہولت نے ایک نئی صورت یہ پیدا کردی ہے کہ کوئی عورت اپنے محرم کے ساتھ مقامی ایئرپورٹ تک جائے اور پھر دوسری جگہ کے ایئر پورٹ پر اس کا دوسرا محرم موجود ہواور ہوائی جہاز سے درمیانی چند گھنٹوں کا سفر محرم کے بغیر طے ہو چونکہ سفر کے مسئلے میں اصل اعتبار مدت سفر کا نہیں ہے بلکہ مسافت کا ہے ، اس لیے ہوائی جہاز کا سفر اگرسفر شرعی کے دائرے میں داخل ہے یعنى 48/میل یا اس سے زیادہ کا سفر ہے تو وہ محرم کے بغیر ممنوع ہے ، جس میں حج کا سفر بھی شامل ہے خواہ حج فرض ہو یا نفل ۔(1) چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عباس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
لایخلون رجل بامرأۃ الا و معھا ذو محرم و لاتسافر المرأۃ الامع ذی محرم فقال رجل یا رسول اللہ ان امرأتی خرجت حاجۃ و انی اکتتبت فی غزوۃ کذا فقال انطلق فحج مع امرأتک (صحیح مسلم :1341، صحیح بخاری:3006)
و فی روایۃ انی ارید أن اخرج فی جیش کذا و کذا و امرأتی ترید الحج فقال اخرج معھا (صحیح بخاری:1862)
و فی روایۃ انی نذرت ان اخرج فی جیش کذا و کذا (اخرجہ ابن حزم فی المحلی بسندہ 52/7، نیز دیکھیے فتح الباری :75/4)
محرم کے بغیر کوئی مرد کسی عورت کے ساتھ تنہائی میں نہ رہے ۔محرم کے بغیر کوئی عورت سفر نہ کرے ،ایک صحابی نے عرض کیا : اللہ کے رسول!میری بیوی حج کے لئے جارہی ہے اور میں نے ایک غزوہ میں جانے کے لئے نام لکھا لیا ہے ۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تم جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو۔اور ایک روایت میں ہے کہ میں فلاں فلاں جنگ میں جانا چاہتا ہوں اور میری بیوی حج کے لئے جانا چاہتی ہے ۔آپ نے فرمایا تم اس کے ساتھ جاؤ ۔اور ایک روایت میں ہے کہ میں نے فلاں لشکر میں جانے کی نذر مانی ہے ۔
اور حضرت عبد اللہ بن عباس سے منقول ایک حدیث کے الفاظ یہ ہیں :
قال رسول اللہ ﷺ : لاتحجن امرأۃ الا و معھا ذو محرم۔
کوئی عورت محرم کے بغیر حج کے لئے نہ جائے(2) ۔

(1)ویعتبر فی المرأۃ ان یکون لھا محرم تحج بہ او زوج ، ولا یجوز لھا ان تحج بغیرھا اذا کان بینھا و بین مکۃ مسیرۃ ثلاثۃ ایام ،(القدوری مع الھدایۃ 133/1)
(2)سنن الدارقطنی 322/2،محدث ابو عوانہ اور حافظ ابن حجر عسقلانی نے اس کی سند کو صحیح قرار دیا ہے
(دیکھیے فتح الباری 76/4، الدرایۃ مع الھدایہ234/1)

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے