بسم الله الرحمن الرحيم.
لباس اور زینت سے متعلق نئے مسائل:
مفتی ولی اللہ مجید قاسمی ۔
انوار العلوم فتح پور تال نرجا ضلع مئو.
13-مصنوعی پتلی:
انکھوں کی رنگت کو تبدیل کرنے کے لیے مختلف رنگوں کی پتلیوں کا (lense) رواج بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کے استعمال کے سلسلے میں علماء کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے بعض لوگ اسے ناجائز کہتے ہیں ؛ کیونکہ یہ بھی خلقت میں تبدیلی کے حکم میں داخل ہے اور بعض لوگ اسے جائز قرار دیتے ہیں بشرطیکہ اس میں دھو کر دہی اور بے حیا و فاسقہ عورتوں سے مشابہت نہ ہو اور نہ ہی طبی لحاظ سے نقصان دہ ہو ؛کیونکہ شریعت نے زیب وزینت کے معاملے میں خواتیں کے لئے بہت زیادہ وسعت رکھی ہے اور آرائش و زیبائش کو ان کی فطرت میں شامل قرار دیا ہے ۔ارشاد ربانی ہے :
اَوَ مَنۡ یُّنَشَّؤُا فِی الۡحِلۡیَۃِ وَ ہُوَ فِی الۡخِصَامِ غَیۡرُ مُبِیۡنٍ ۔(سورۃ الزخرف:18)
اور کیا (اللہ نے ایسی اولاد پسند کی ہے) جو زیوروں میں پالی پوسی جاتی ہے اور جو بحث مباحثے میں اپنی بات کھل کر بھی نہیں کہہ سکتی ؟
غرضیکہ زیادہ صحیح یہی ہے کہ مذکورہ شرطوں کے ساتھ مصنوعی پتلی لگانا جائز ہے لیکن ایسا کرنا زینت میں غلو کے دائرے میں داخل ہے اس لئے اس سے بچنا
بہتر ہے ۔