بسم اللہ الرحمٰن الرحیم ۔
سلسله(3)
ادب و ثقافت سے متعلق نئے مسائل
مفتی ولی اللہ مجید قاسمی ۔
انوار العلوم فتح پور تال نرجا ضلع مئو.
wmqasmi@gmail.com-mob.n. 9451924242
3-ٹیچر ڈے :
تعلیم درحقیقت اللہ تبارک و تعالٰی کی صفت ہے . ارشاد ربانی ہے :
وَ اتَّقُوا اللّٰہَ ؕ وَ یُعَلِّمُکُمُ اللّٰہُ ؕ وَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ ۔
اور اللہ کا خوف دل میں رکھو، اللہ تمہیں تعلیم دیتا ہے، اور اللہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے۔(سورہ البقرۃ:282)
اور ایک دوسری آیت میں ہے :
اَلرَّحۡمٰنُ۔عَلَّمَ الۡقُرۡاٰنَ ؕخَلَقَ ، الۡاِنۡسَانَ، عَلَّمَہُ الۡبَیَانَ۔
وہ رحمن ہی ہے جس نے قرآن کی تعلیم دی۔اسی نے انسان کو پیدا کیا۔اسی نے اس کو واضح کرنا سکھایا۔(سورہ الرحمٰن)
اور انبیاء کرام علیہم السلام اس کی اس صفت کا پرتو ہوتے ہیں خصوصاََ آخری نبی ﷺ میں یہ صفت سب سے زیادہ نمایاں تھی ۔چنانچہ رب کائنات نے فرمایا:
لَقَدۡ مَنَّ اللّٰہُ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ اِذۡ بَعَثَ فِیۡہِمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡ اَنۡفُسِہِمۡ یَتۡلُوۡا عَلَیۡہِمۡ اٰیٰتِہٖ وَ یُزَکِّیۡہِمۡ وَ یُعَلِّمُہُمُ الۡکِتٰبَ وَ الۡحِکۡمَۃَ ۚ وَ اِنۡ کَانُوۡا مِنۡ قَبۡلُ لَفِیۡ ضَلٰلٍ مُّبِیۡنٍ.
حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے مومنوں پر بڑا احسان کیا کہ ان کے درمیان انہی میں سے ایک رسول بھیجا جو ان کے سامنے اللہ کی آیتوں کی تلاوت کرے، انہیں پاک صاف بنائے اور انہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دے، جبکہ یہ لوگ اس سے پہلے یقینا کھلی گمراہی میں مبتلا تھے۔ (سورہ آل عمران :164)
اور خود ھادی عالم ﷺ نے اپنے بارے میں فرمایا:
وَإِنَّمَا بُعِثْتُ مُعَلِّمًا.
میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں ۔(ابن ماجہ 229)
اور معلم و استاذ کی قدر و منزلت کے لئے یہ کافی ہے کہ وہ اللہ اور اس کے رسول کی نیابت کرتا ہے لہذا اس کی عظمت و رفعت اور معاشرہ کی اصلاح اور سماج کی تعمیر و ترقی میں اس کے لازوال کردار کو ہر آن پیش نظر رکھنا ضروری ہے اور اس کی عظمت کے اعتراف کے لئے سال میں ایک دن متعین کرلینا اس کی بے عزتی اور ناقدری اور ایک غیر اسلامی تہذیب و ثقافت ہے جس سے کنارہ کشی لازمی ہے ۔
واضح رہے ک ہندوستان میں1967ء سے پابندی کے ساتھ 5/ستمبر کو ٹیچر ڈے منایا جاتا ہے جو صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر رادھا کرشنن کا یوم پیدائش ہے، وہ ایک ماہر تعلیم تھے اور انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ تعلیمی میدان میں گزارا۔
اور ہندوستان کے علاوہ دوسرے ملکوں میں پانچ اکتوبر کو یوم اساتذہ منانے کا رواج ہے جس کا مقصد سماج میں اساتذہ کے کردار کو اجاگر کرنا ہوتا ہے۔