بسم الله الرحمن الرحيم.
سلسله(4)
کھانے پینے سے متعلق نئے مسائل۔
مفتی ولی اللہ مجید قاسمی ۔
انوار العلوم فتح پور تال نرجا ضلع مئو.
جلاٹین:
جیلاٹین ایک پروٹین کا نام ہے، جو جانورکی ہڈی ، کھال اور ریشوں سے حاصل کی گئی ’’کولیجن‘‘ سے تیار کی جاتی ہے، اور کیک ، بسکٹ، چیونگم، آئس کریم وغیرہ میں شامل کیا جاتا اور کیپسول بنایا جاتا ہے ۔
اگر جلاٹین ایسے جانور کی کھال سے حاصل کیا گیا ہو جسے کھانا حلال ہو اور اسے شرعی طریقے پر ذبح کیا گیا ہو تو اسے کھانا حلال ہے۔لیکن اگر حرام جانور یا حلال مگر مردار جانور کی کھال سے جلاٹین بنایا گیا ہے تو پھر اس کا کھانا حلال نہیں ہے اس لئے کے جلاٹین کی شکل میں آجانے کے بعد بھی اس کی حقیقت اور خصوصیت تبدیل نہیں ہوتی ہے بلکہ وہ اپنی تمام تر خصوصیات کے ساتھ باقی رہتی ہے اور قرآن حکیم می بہ صراحت مردار اور خنزیر وغیرہ کو حرام قرار دیا گیاہے خواہ وہ کسی شکل میں ہو۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
حُرِّمَتۡ عَلَیۡکُمُ الۡمَیۡتَۃُ وَ الدَّمُ وَ لَحۡمُ الۡخِنۡزِیۡرِ وَ مَاۤ اُہِلَّ لِغَیۡرِ اللّٰہِ بِہٖ وَ الۡمُنۡخَنِقَۃُ وَ الۡمَوۡقُوۡذَۃُ وَ الۡمُتَرَدِّیَۃُ وَ النَّطِیۡحَۃُ وَ مَاۤ اَکَلَ السَّبُعُ اِلَّا مَا ذَکَّیۡتُمۡ ۟ وَ مَا ذُبِحَ عَلَی النُّصُبِ وَ اَنۡ تَسۡتَقۡسِمُوۡا بِالۡاَزۡلَامِ ؕ ذٰلِکُمۡ فِسۡقٌ ؕ
تم پر مردار جانور اور خون اور سور کا گوشت اور وہ جانور حرام کردیا گیا ہے جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو اور وہ جو گلا گھٹنے سے مرا ہو، اور جسے چوٹ مار کر ہلاک کیا گیا ہو، اور جو اوپر سے گر کر مرا ہو۔ اور جسے کسی جانور نے سینگ مار کر ہلاک کیا ہو، اور جسے کسی درندے نے کھالیا ہو، الا یہ کہ تم (اس کے مرنے سے پہلے) اس کو ذبح کرچکے ہو، اور وہ (جانور بھی حرام ہے) جسے بتوں کی قربان گاہ پر ذبح کیا گیا ہو۔ اور یہ بات بھی (تمہارے لیے حرام ہے) کہ تم جوے کے تیروں سے (گوشت وغیرہ) تقسیم کرو۔ یہ ساری باتیں سخت گناہ کی ہیں۔ (المائده : 3 )
واضح رہے کہ مردار جانور کی کھال اگر چہ دباغت سے پاک ہو جاتی ہے مگر اسے کھانا حلال نہیں ہوتا ہے اس لئے کہ یہ ضروری نہیں کہ جو چیز پاک ہو اس کا کھانا بھی حلال ہو جیسے کہ درندوں کی کھال دباغت کی وجہ سے پاک ہو جاتی ہے مگر اس کا کھانا حلال نہیں ہوتا کیونکہ دباغت کے باوجود وہ مردار یا حرام جانور کی کھال ہے جسے کھانا حرام ہے۔