سلسله(9)
وصیت اور وراثت سے متعلق نئے مسائل
مفتی ولی اللہ مجید قاسمی ۔
انوار العلوم فتح پور تال نرجا ضلع مئو.
wmqasmi@gmail.com-mob.n. 9451924242
10-اجتماعی موت کی حالت میں طبی آلات کے ذریعے وفات کے وقت کی تحدید:
ڈوب جانے، کسی چیز کے نیچے دب جانے، جل جانے یا کسی دوسرے حادثے کی وجہ سے ایک ساتھ بہت سے لوگوں کے مرجانے کی حالت میں اگر یقینی ذریعے سے معلوم ہو جائے کہ پہلے کس کی وفات ہوئی ہے تو اس کے بعد مرنے والا اس کا وارث ہوگا مثلا دو بھائی ایک ساتھ ندی میں کودیں اور بہت سے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ ان میں سے ایک کی موت پہلے ہوئی ہے اور دوسرے کی اس کے بعد گرچہ دو ایک منٹ کے بعد ہی سہی تو دوسرا پہلے کا وارث ہوگا کیونکہ وراثت کی شرط پائی گئی کہ مورث کی وفات وارث سے پہلے ہوئی ہو۔
اور اگر دونوں کی وفات کے وقت کے بارے میں یقینی ذریعے سے معلوم نہ ہو سکے تو وہ ایک دوسرے کے وارث نہیں ہوں گے اور سمجھا جائے گا کہ دونوں کی وفات ایک ساتھ ہوئی ہے اور ان کے بعد جو ورثہ ہوں گے وہ ان کے ترکہ کے وارث ہوں گے۔
اور موجودہ دور میں گرچہ ایسے آلات ایجاد ہو گئے ہیں جن کے ذریعے موت کے وقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے لیکن ان کی حیثیت ظن و تخمین سے زیادہ نہیں ہے اس لیے موت کے وقت کی تعین کے سلسلے میں ان کا اعتبار نہیں ہوگا جیسے کہ میت کے جسم کے گرم و سرد ہونے، اکڑ جانے اور پھول پھٹ جانے کے ذریعے بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پہلے کس کی وفات ہوئی ہے؟ لیکن فقہاء نے اس کا اعتبار نہیں کیا ہے کیونکہ وارث ہونے کے لیے یقینی ذریعے سے معلوم ہونا ضروری ہے کہ مورث کی وفات پہلے ہوئی ہے ۔(1)
(1) اذ اذ لا توارث بالشك… فوقع الشك في الاستحقاق واستحقاق الاحياء متيقن والشك لا يعارض اليقين.( رد المح
تار 585/10)