ننگے سر نماز پڑھنا

 

مولانا ولی اللہ مجید قاسمی

 

کسی اجنبی تہذیب کو اس لیے اختیار کیاجاتا ہے کہ وہ بظاہر طاقتور اور مادی چمک دمک رکھتی ہے اور احساس کمتری کا شکار ہو کر اسے اپنایاجاتا ہے، اس لیے کہ کسی تہذیب کی ظاہری تقلید اس کی روح سے متاثر ہوئے بغیر ممکن نہیں، یہ محال ہے کہ کسی تہذیب کی روح کو قبول کیے بغیر اس کے جمالیاتی ذوق و فکر کی تقلید کی جائے، لہٰذا جب کوئی مسلمان دوسروں کے طور، طریقے کی نقل کرتا ہے تو اس تہذیب کے تئیں اپنے اندرونی رجحان کو ظاہر کرتا ہے، کیونکہ کوئی تہذیب محض شکل نہیں ہوتی بلکہ وہ ایک زندہ قوت ہوتی ہے اور جس لمحے ہم شکل کو اپناتے ہیں تو اس کے اندر موجودہ قوتیں اور اثرات ہم پر کام کرنا شروع کردیتے ہیں اور ہمیں غیر محسوس طریقے پر آہستہ آہستہ اپنی فکر میں ڈھالنا شروع کردیتے ہیں، اسی حقیقت کو رسول اللہ ﷺ نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے :

 

’’ من تشبہ بقوم فھو منھم‘‘ (ابو دائود :4031، مسند احمد :5114۔)

 

’’جو کوئی کسی قوم کے ساتھ مشابہت اختیار کر ے تو وہ انہیں میں سے ہے ‘‘۔

 

اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے اور سنتوں کے ذریعے اسلامی زندگی کی صورت گری اور تشکیل ہوتی ہے، سنت اسلامی قلعے کا فولادی کور (Cover) ہے، جسے اگر عمارت سے الگ کر دیا جائے تو وہ تاش کے پتوں کی طرح بکھر جائے گی، اس لیے شاید یہ عمل اپنے آپ میںزیادہ اہم نہ ہو کہ ہم دائیں ہاتھ سے کھائیں یا بائیں ہاتھ سے، لیکن نفسیاتی اور معاشرتی اعتبار سے اس کی بڑی اہمیت ہے، لہٰذا ایسا ہرگز نہیں ہوناچاہیے کہ بعض سنتوں کو صرف اس لیے چھوڑ دیں کہ وہ غیر ضروری نظرآتی ہیں، بلکہ ہر سنت کو اپنی زندگی میں داخل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور جن سنتوں کے بارے میں کوتاہی ہورہی ہو، اسے بھی محبت و احترام کی نگاہ سے دیکھنا اور عمل نہ کرسکنے پر ندامت اور افسوس کا اظہار کرنا چاہیے ۔

 

نبی ﷺ کی سنتوں میں سے ایک سنت ٹوپی پہننا او ر عمامہ باندھنا بھی ہے، چنانچہ علامہ ابن قیم لکھتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ عمامہ اور ٹوپی دونوں پہنتے تھے اور کبھی عمامہ کے بغیر صرف ٹوپی پہن لیتے اور کبھی ٹوپی کے بغیر صرف عمامہ باندھ لیتے۔ (زاد المعاد:1/135۔)غرضیکہ آپ ﷺعام حالات میں ننگے سر نہیں رہتے اور یہی حال صحابہ کرام اور تابعین اور تبع تابعین اور ائمہ دین کا بھی تھا، بلکہ پورا اسلامی سماج اسی رنگ میں رنگاہوا تھا اور ان میں ننگے سر رہنے کا کوئی تصور نہیں تھا اور بہت بعد میں استعماری غلبے کے دوران مسلمانوں میں ننگے سر رہنے کا رواج بڑھا ہے، چنانچہ علامہ البانی لکھتے ہیں کہ سید سابق نے فقہ السنۃ میں لکھاہے کہ ابن عساکر نے عبداللہ بن عباسؓ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نبی ﷺ کبھی کبھار اپنی ٹوپی اتار کر اسے اپنے سامنے رکھ کر ’’سترہ‘‘ بنالیتے، اس روایت کو نقل کرکے وہ کہتے ہیں کہ نماز میں سر ڈھکنے کی افضلیت کے سلسلے میں کوئی دلیل موجود نہیں ہے، علامہ البانی نے اس روایت پر کلام کرتے ہوئے جوکچھ لکھا ہے، اس کا خلاصہ یہ ہے کہ :

 

اس حدیث سے استدلال کرنا صحیح نہیں ہے کیونکہ حدیث ضعیف ہے، (دیکھیے سلسلۃ الاحادیث الضعیفۃ:2538۔) اور اگر صحیح مان بھی لیاجائے تو یہ مطلقاً ننگے سر نماز پڑھنے پر دلالت نہیں کرتا، اس لیے کہ اس سے صرف یہ معلو م ہوتا ہے کہ آنحضور ﷺ ایسا صرف اس وقت کرتے تھے جب کہ سترہ کے لیے کوئی دوسری چیز نہ ہوتی، کیونکہ ستر ہ بنانا سرڈھکنے سے زیادہ اہم ہے، اس سلسلے میں میری رائے

 

یہ ہے کہ ننگے سر نماز پڑھنا مکروہ ہے، اس لیے کہ یہ مسلم ہے کہ مکمل اسلامی لباس کے ساتھ نماز پڑھنا مستحب ہے کیونکہ حدیث میں ہے کہ ’’فاللّٰہ احق ان یتزین لہ ‘‘، ’’اللہ اس کا زیادہ مستحق ہے کہ اس کے لیے زیب وزینت اختیارکی جائے‘‘۔

 

اور ننگے سررہنے کی عادت بنالینا اور اسی ہیئت میں باہراور عبادت کی جگہوں میں جانا سنت کی نگاہ میں پسندیدہ نہیں ہے بلکہ یہ غیروں کا طریقہ ہے جو مسلمانوں میں اس وقت داخل ہواجب مسلم ملکوں میں غیرمسلموں کا غلبہ ہوا اور اپنے ساتھ اپنی خراب عادتیں لے آئے اورمسلمانوں نے ان کی تقلیدکی اور اس کے اور اس طرح کے دیگررسوم ورواج کے ذریعے اسلامی پہچان کو ضائع کرنے کے درپے ہوئے، لہٰذ ا دوسروں کے ذریعہ مسلط کیے گئے طریقوں کی وجہ سے اسلامی عرف کی مخالفت صحیح نہیں ہے اور نہ ہی اسے ننگے سر نماز پڑھنے کی دلیل بنانا درست ہے ۔

 

ہمارے بعض مصری بھائیوں نے جو ’’انصار السنۃ‘‘ نامی جماعت سے وابستہ ہیں اس کے جواز کے لیے حالت احرام میں ننگے سر رہنے کے ذریعے استدلال کیا ہے لیکن یہ باطل ترین قیاس ہے او ر یہ قیاس کیسے صحیح ہوسکتا ہے ؟ جب کہ حج میں ننگے سر رہنا اسلامی شعائر میں سے ہے، اگریہ قیاس صحیح ہو تو پھر نماز میں ننگے سر رہنا واجب ہوگا، کیوں کہ یہ حج میں واجب ہے ۔

 

بعض لوگوں نے اس روایت سے بھی استدلال کیا ہے جو حضرت علیؓ سے منقول ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ :

 

’’ ائتوا المساجد حسرا ومعصبین فان العمائم تیجان المسلمین‘‘

 

’’مسجد میں ننگے سر اور عمامہ باندھ کر آئو کیونکہ عمامہ مسلمانوں کا تاج ہے ‘‘۔

 

لیکن یہ حدیث بہت ضعیف ہے، بلکہ میرا خیال ہے کہ موضوع ہے، کیونکہ اس کے ایک راوی میسرہ نے خود اعتراف کیا ہے کہ وہ حدیثیں گھڑا کر تا تھا اور محدث عراقی نے اسے متروک قرار دیا ہے اور علامہ منادی نے جامع الصغیر کی شرح میں لکھا ہے کہ سیوطی نے اسے ضعیف کہا ہے، البتہ اس کی تائید ابن عساکر سے منقو ل اسی جیسی ایک دوسری روایت سے ہوتی ہے، لیکن مشکل یہ ہے کہ دوسری روایت بھی اسی میسرہ سے منقول ہے ۔

 

ا س تفصیل سے یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ سید سابق کا یہ دعویٰ کہ نماز میں سر ڈھکنے سے متعلق کوئی دلیل موجود نہیں ہے، مطلقاً درست نہیں، الا یہ کہ وہ یہ کہنا چاہتے ہوں کہ اس سے متعلق کوئی خصوصی دلیل نہیں تو ان کی بات درست ہے، لیکن عمومی دلیل کا انکار کرنا صحیح نہیں اور عمومی دلیل یہ ہے کہ نماز کے لیے معروف اسلامی لباس میں آنا چاہیے اور عمومی دلیل کے بر خلاف کوئی دلیل نہ ہو تو وہ تمام لوگوں کے نزدیک حجت ہے ۔(تمام المنۃ:166۔)

 

ایک مجلس میں شیخ البانی سے سوال کیاگیا کہ کھلے سر نمازپڑھنے کا کیا حکم ہے ؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ کھلے سر نماز پڑھنا میرے نزدیک مکروہ ہے، کیونکہ اس کا رواج استعماری طاقتوں کے زمانے میں ہوا ہے اور یہ اسلامی عادت اور طریقہ نہیں ہے، اس لیے کہ مسلمانو ں کو اس بات کاپابند کیاگیاہے کہ وہ نمازکے لیے بہتر ہیئت اور زینت کے ساتھ آئیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ کاارشاد ہے کہ :

 

’’ یٰٓـبَنِیْٓ اٰدَمَ خُذُوْازِیْنَتَکُمْ عِنْدَ کُلِّ مَسْجِدٍ‘‘(الاعراف:31۔)

 

’’ آدم کی اولاد! ہرنماز کے وقت زیب و زینت اختیار کرلیا کرو۔‘‘

 

مذکورہ آیت میں نزول کے اعتبار سے زینت سے مراد ستر پوشی ہے لیکن ضابطہ اور اصول یہ ہے کہ لفظ کے عموم کا اعتبار کیاجاتا ہے، مخصوص سبب نزول کا نہیں، اور صحیح حدیثوں سے اس عمومی مفہوم کی تائید ہوتی ہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ :

 

’’ من کان لہ ازار ورداء فلیا تزرولیرتد فان اللّٰہ احق ان یتزین لہ‘‘

 

’’جس کے پاس چادر اور لنگی دونوں ہو تو وہ لنگی باندھ لے اور چادر اوڑھ لے کیونکہ اللہ تعالیٰ اس کے زیادہ مستحق ہیں کہ ان کے لیے زینت اختیار کی جائے ‘‘۔

 

اس حدیث سے معلو م ہوتا ہے کہ نماز کے لیے بہتر سے بہتر ہیئت اور اچھی حالت میں آنا چاہیے اور یہ حکم اس وقت دیاگیا جب کہ رسول اللہ ﷺ سے یہ سوال کیاجاتا تھا کہ کیا کو ئی ایک کپڑے میں نماز پڑھ سکتا ہے تو رسول اللہ ﷺ فرماتے کہ کیا تم میں سے ہرایک کے پاس دو کپڑا موجود ہے ؟ اس حدیث سے پتہ چلتا ہے کہ صرف لنگی پہن کر بھی نماز پڑھنا جائزہے لیکن اسی سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ جس کے پاس د و کپڑے موجود ہوں تو اسے ایک کپڑے میں نماز پڑھنا مناسب نہیں ہے، خود ایک دوسری روایت میں اس کی وضاحت ہے کہ تم میں سے کوئی اس حالت میں نماز نہ پڑھے کہ اس کے کندھے پر کوئی کپڑا نہ ہو ۔

 

جب عمومی دلیلوں سے نماز کے لیے زینت حاصل کرنا اور سر ڈھانکے رہنا مسلمانوں کے طور و طریقے کاہونا ثابت ہے تو میرے نزدیک کھلے سرنماز پڑھنا مکروہ ہے، کیونکہ اس میں مسلمانو ں کے طریقے کی مخالفت ہے اور حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے متعلق منقو ل ہے کہ انہوں نے اپنے غلام نافع کو ننگے سر نماز پڑھتے ہوئے دیکھا تو فرمایا کیا تم ان حکمرانوں کے پاس ننگے سرجانے کی جرأت کرسکتے ہو ؟ انہوں نے کہا، نہیں، تو فرمایا اللہ اس کا زیادہ مستحق ہے کہ اس کے لیے زینت اختیار کی جائے ۔

 

آج بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ یہ معمولی چیزیں ہیں اور چھلکے کی طرح ہیں، ان پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ روح اور گودے کا خیال رکھنا چاہیے، کاش کہ ایسا کہنے والے گودے اور مغز کا خیال رکھتے، اس لیے کہ مغز کی حفاظت چھلکے کے بغیر ممکن نہیں ہے، کیونکہ یہ چھلکے گودے کی حفاظت کے لیے بنائے گئے ہیں اور مادی چیزوں کی طرح روحانی امور کی حفاظت کے لیے بھی کچھ چیزیں بنائی گئی ہیں، لہٰذا امت مسلمہ اگر زندہ رہنا چاہتی ہے تو اس کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ دلی اعتبار سے مسلم ہو اور لباس و پوشاک کے اعتبار سے غیر مسلم ۔( سلسلۃ الھدی والنور شریط رقم(189)۔)

 

اور مذکورہ آیت کی تفسیر میں علامہ ابن تیمیہ لکھتے ہیں کہ:

 

’’اللہ تعالیٰ نے نماز کے لیے ستر ڈھانکنے کے ساتھ ایک زائد حکم بھی دیا ہے اور وہ ہے زینت اختیار کرنا، چنانچہ فرمایا ہے کہ نماز کے لیے زینت اختیار کرو تو اللہ تعالیٰ نے ستر پوشی کے بجائے زینت اختیار کرنے کاحکم دیا ہے ‘‘۔(الفتاویٰ الکبری:5/326۔)

 

اور علامہ کوثری کہتے ہیں کہ :

 

’’سر ڈھانکنا بھی زینت میں شامل ہے جس کا مذکورہ آیت میں حکم دیا گیا ہے اور یہ سمجھنا محض وہم ہے کہ مذکور ہ آیت تو صرف ان لوگوں کے لیے نازل ہوئی ہے جو زمانہ جاہلیت میں ننگے طواف کیا کرتے تھے کیونکہ اصول یہ ہے کہ لفظ کے عام ہونے کااعتبار ہوتا ہے، کسی خصوصی سبب کا نہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمام مسلکو ں کے فقہاء کے یہاں نماز کے لیے لنگی، چادر اور ٹوپی مستحب ہے ‘‘۔(مقالات الکوثری :171۔ )

 

حاصل یہ ہے کہ ننگے سر رہنا ایک ناپسندیدہ عمل ہے، کیونکہ یہ اسلامی تہذیب و ثقا فت کے خلاف ہے، خصوصاً ننگے سر نمازپڑھنا اور بھی زیادہ ناپسندید ہ ہے کیونکہ نماز میں خصوصی طور سے زیب و زینت اختیار کرنے کاحکم دیاگیا ہے اور اسی وجہ سے حدیث میں دو کپڑے موجود ہونے کی حالت میں کندھے کو ڈھکنے کاحکم دیاگیاہے، حالانکہ کندھا ستر میں شامل نہیں، اسی کے ساتھ اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ٹوپی صاف ستھری ہو اور میلی کچیلی اور بدہیئت نہ ہو، نیز لوگوں کو ٹوپی پہن کر مسجد آنے کی ترغیب دینی چاہیے لیکن اگر کوئی شخص اس کے بغیر نماز پڑھنے لگے تو نماز کے دوران اسے ٹوپی نہیں پہنانا چاہیے اور نہ ہی اس طرح پڑھنے والوں پر نکیر کرنا چاہیے کہ نماز میں ٹوپی پہننامحض مستحب ہے، واجب اور ضروری نہیں ۔

 

 

 

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے