بسم اللہ الرحمٰن الرحیم ۔

 

سلسله(63) خرید وفروخت سے متعلق نئے مسائل

 

مفتی ولی اللہ مجید قاسمی ۔

انوار العلوم فتح پور تال نرجا ضلع مئو.

wmqasmi@gmail.com-mob.n.9451924242

 

70-ایکسپائر (expire) دوا اور غذا:

 

   ایکسپائر دوا یا غذا بسا اوقات زہر کی طرح سخت نقصان دہ بلکہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے اس لئے اس سے احتراز ضروری ہے،حضرت ابوھریرہ کہتے ہیں:

   نهى رسول الله ﷺ عن الدواء الخبيث.

رسول اللہ ﷺ نے خبیث دوا یعنی زہر سے منع کیا ہے ۔(سنن ابو داوود: 3870.جامع ترمذی: 2045)

    تاہم ایکسپائر دوا اور غذا اگر مطلوبہ منفعت کے علاوہ کسی دوسرے جائز کام میں استعمال ہوسکتی ہے مثلاً جسم پر مالش کی جاسکتی ہے یا جانور وغیرہ کو کھلایا جاسکتا ہے یا طبی ماہرین کے مطابق اس کے استعمال سے کسی ضرر کا اندیشہ نہ ہو تو اس کا شمار مال میں ہوگا اور اس کی خرید و فروخت درست ہے لیکن اگر وہ کسی بھی کام کے لائق نہ ہو تو مال نہ ہونے کی بنیاد پر اس کی خرید وفروخت باطل ہوگی۔(1)

   پہلی صورت میں اگر خریدار کو اس کے بارے میں اطلاع دے دی گئی ہے اور بیچنے والے کو معلوم ہے کہ وہ کسی دوسرے کو دھوکے میں رکھ کر یا اس کی تاریخ بدل کر(Redate)  فروخت نہیں کرے گا تو اس کی بیع کسی کراہت کے بغیر درست ہے ۔

  اور اگر وہ جانتا ہے کہ وہ کسی کو دھوکے میں رکھ کر فروخت کردے گا تو معصیت میں تعاون کی وجہ سے ایسا کرنا مکروہ تحریمی ہے ۔

   اور اگر لاعلمی کی وجہ سے کوئی اسے خرید لیتا ہے اور بعد میں اس کے متعلق معلوم ہوتا ہے تو عیب کی بنیاد پر اسے واپس کرنے کا حق ہوگا اور بیچنے والا عیب چھپاکر بیچنے کی وجہ سے سخت گنہ گار ہوگا ؛ کیونکہ کسی کو دھوکا دینا حرام ہے، خواہ وہ  غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو ۔ (2)

   حضرت ابوھریرہ سے روایت ہے:

  ان رسول الله  ﷺ مر على صبرة طعام فأدخل يده فيها، فنالت أصابعه بللا فقال:ما هذا يا صاحب الطعام؟ قال أصابته السماء يا رسول الله، قال:أفلا جعلته فوق الطعام كي يراه الناس، من غش فليس مني.”

  رسول اللہ ﷺ  غلہ  کے ڈھیر کے پاس سے گزرے۔ آپ ﷺ نے اس ڈھیر کے اندر اپنا ہاتھ ڈالا تو آپ ﷺ کو اپنی انگلیوں میں تری محسوس ہوئی۔ آپ نے فرمایا:غلہ والے! یہ کیا ہے ؟ اس نے کہا اس پر بارش کا پانی پڑ گیا تھا ، آپ ﷺ نے فرمایا: تم نے اس گیلے غلہ کو اوپر کیوں نہیں رکھا تا کہ لوگ اسے دیکھ لیتے، جس نے دھو کہ دیا وہ مجھ سے نہیں۔

   اور حضرت عقبہ بن عامر کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

    المسلمُ أخو المسلمِ، ولايحلُ لمسلمٍ باع من أخيه بيعًا فيه عيبٌ إلا بيَّنه له.

 (سنن ابن ماجه:2246 .مسند أحمد:17487)

    مسلمان ،مسلمان کا بھائی ہے اور جب کوئی مسلمان اپنے بھائی کے ہاتھ ایسی چیز بیچے جس میں عیب ہو تو عیب بیان کئے بغیر  اسے بیچنا حلال نہیں۔

   اور حضرت واثلہ بن اسقع کے حوالے سے  رسول اللہ ﷺ سے منقول ہے :

    مَن باع عيبًا لم يبيِّنْه، لم يزل في مَقتِ اللهِ، ولم تزلِ الملائكةُ تلعنُه۔

   جو کوئی عیب دار چیز کو عیب بیان کئے بغیر فروخت کردے تو وہ ہمیشہ اللہ کی ناراضگی میں رہے گا اور فرشتے ہمیشہ اس پر لعنت کرتے رہیں گے ۔(سنن ابن ماجه:2247 مسند أحمد:16013.ضعیف.)

   نیز اس طرح کی دوا اور غذا فروخت کرنا قانوناً جرم ہے،اور اس کا مرتکب سزا کا مستحق ہوتا، اس طرح سے قانون کی خلاف ورزی کرکے خود کو ذلت اور رسوائی کے لئے پیش کرنا ہے اور خود کو ذلیل وخوار کرنا جائز نہیں ہے لھذا اس سے اجتناب ضروری ہے ۔حضرت حذیفہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

     لا يَنبغي للمُؤمنِ أن يُذلَّ نفسَه۔

    مومن کے لئے مناسب نہیں ہے کہ وہ اپنے آپ کو ذلت ورسوائی میں مبتلا کرے

(جامع ترمذي:2254 . سنن ابن ماجة :4016)

  اور علامہ عینی لکھتے ہیں:

  ‌‌اذلال النفس حرام۔

  اپنے آپ کو ذلیل کرناحرام ہے۔(البنایہ ۔کتاب النکاح ،619/4)

   اور فقہاء کرام لکھتے ہیں کہ جائز چیزوں حکمراں کی اطاعت واجب ہے (3)اس لئے کسی مُلک کے ایسے قانون کی پاسداری ضروری ہے جو شریعت کے خلاف نہ ہو ۔

(1)ان لم يكن منتفعا به فانه يرجع بجميع الثمن لانه ليس بمال فكان البيع باطلا.( البحر الرائق59/6)من اشترى بيضا … فكسره غير عالم بالعيب فوجده فاسدا فان لم ينتفع به كالقرع المر والبيض المذر يرجع بالثمن كله لانه ليس بمال فيكون بيعه باطلا۔( الهنديه 84/3)

اذا ظهر جميع المبيع غير منتفع به اصلا كان باطلا وللمشتري استرداد جميع الثمن من البائع مثلا لو اشترى جوزا او بيضا فظهر جميعه فاسدا لا ينتفع به كان للمشتري استرداد ثمنه كاملا من البائع لان المبيع في تلك الحال لا يكون مالا فالبيع يباطل.

كذلك اذا كسر الجوز او البطيخ وكان لا ينتفع به حتى لعلف الحيوان او ظهر مرا فللمشتري استرداد الثمن لبطلان البيع… اما اذا كان الجوز بعد كسره فاسدا في حالة يمكن ان ينتفع به الفقراء او يصلح لان يكون علفا للحيوانات والمشتري بعض ان اطلع على عيبه لم ياكل منه فللمشتري الرجوع بنقصان الثمن.( درر الحكام شرح مجلة الاحكام العدلية311/1)

(2)لا يحل كتمان العيب في مبيع أو ثمن؛ لأن الغش حرام  ،إذا باع سلعة معيبة، عليه البيان.”

(رد المحتار47/5.ط:سعيد)

کتمان عیب السلعۃ حرام.(البحرالرائق58/6)

اتفق الفقهاء على ان الغش حرام سواء أ كان بالقول أم بالفعل سواء أ كان في المعاملات أم في غيرها من المشورة و النصيحة. (الموسوعه الفقهيه 219/31)

(3) لان طاعة الامام فيما ليس بمعصية فرض فكيف فيما هو طاعة بدائع الصنائع.كتاب السير140/7

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے