نماز وضو:
ولی اللہ مجید قاسمی ۔
اللہ کے دربار میں راز و نیاز کی غرض سے حاضر ہونے کے لئے پاک ہونا ضروری ہے ۔ جسمانی پاکی کے ساتھ وضو کے بعد دو رکعت نماز باطنی پاکی کی مقصد سے اور اس دربار سے انس حاصل کرنے کے لئے پڑھ لیا جائے تو اس کی بڑی فضیلت ہے۔حضرت عقبہ بن عامر سے یہ حدیث منقول ہے :
مامن مسلم یتوضا فیحسن وضوء ہ ثم یقوم فیصلی رکعتین مقبلا علیھا بقلبہ ووجھہ الاوجبت لہ الجنۃ۔
جو مسلمان اچھی طرح وضو کرکے دل اور چہرہ کو متوجہ رکھ کر دو رکعت نماز پڑھ لے تو اس کے لئے جنت واجب ہوجاتی ہے ۔ (صحیح مسلم 122/1)
حضرت عثمان بن عفانؓ آنحضور ﷺ سے نقل کرتے ہیں:
من توضاء نحو وضوئی ھذا ثم صلی رکعتین لایحدث فیھا نفسہ غفرلہ ماتقدم من ذنبہ
جس نے مسنون طریقہ پر وضو کیا پھر دورکعت نماز اس طرح پڑھی کہ اس میں اِدھر اُدھر کے خیالات نہ آئیں تو اس کے پچھلے سارے گناہ معاف کردئے جائیں گے۔(حوالہ سابق 120/1)
’’دل اور چہرہ کو متوجہ رکھنے ‘‘کا مفہوم یہ ہے کہ نماز خشوع اور خضوع سے پڑھے ۔ اپنے جسم اور کپڑوں سے کھیلتا نہ رہے، دل اللہ کی طرف متوجہ ہو۔اِدھر اُدھر کے خیالات میں مشغول نہ ہو، لیکن اگر کوئی خیال دل میں آئے اور اس میں مصروف نہ ہوا بلکہ کوشش بھر اسے ختم کرنے کی کوشش کرتا رہا تو وہ نقصان دہ نہیں ہے۔
وضو کے بعد نماز کی کس قدر اہمیت ہے؟ اس کا اندازہ اس واقعہ سے لگائیے کہ ایک دن رسول خدا ﷺ نے فجر کی نماز کے بعد حضرت بلال ؓسے فرمایا:
حدثنی بارجی عمل عملتہ فی الاسلام فانی سمعت دف نعلیک بین یدی فی الجنۃ قال ماعملت عملا ارجی عندی من انی لم اتطھر طھوراً فی ساعۃ من لیل والنھار الاصلیت بذالک الطھورماکتب لی ان اصلی ۔
اسلام لانے کے بعد جس عمل سے تمہیں ثواب کی سب سے زیادہ اُمید ہو وہ مجھے بتلاؤ کیونکہ میں نے تمہاری چپلوں کی آواز جنت میں اپنے آگے سنی ہے۔ حضرت بلالؓ نے عرض کیا: مجھے سب سے زیادہ اُمید اس عمل پر ہے کہ میں نے دن ہو یا رات جب بھی وضو کیا ہے تو اس کے بعد جتنی بھی رکعت کی مجھے توفیق ہوئی ہے میں نے نماز ضروری پڑھی ہے۔(صحیح بخاری 154/1)
واضح رہے کہ یہ خواب کا واقعہ ہے کہ خواب میں جنت کے اندر آنحضور ﷺ نے ان کے قدموں کی چاپ سنی۔ (نیل الاوطار 70/3)
وضو اور غسل کے بعد دو رکعت نماز مسنون ہے ، لیکن اس کے لئے علٰحدہ سے دو رکعت نفل پڑھنا ضروری نہیں بلکہ ہر وہ نماز جو اس کے بعد پڑھی جائے خواہ فرض ہو یا سنت وہ نماز وضو میں شامل ہے۔(حاشیہ طحطاوی /261) مکروہ وقت میں نماز وضو نہیں پڑھی جائے گی۔